آیت اللہ سید مصطفی موسوی اصفہانی نے حوزہ نیوز ایجنسی سے عیدالفطر کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم شیعیان اہلبیت علیھم السلام کی بڑی عید(غدیر) کے علاوہ اسلام کی دو بڑی عیدیں عید فطر اور عید قربان ہیں۔ تمام مسلمانوں کے نزدیک ان کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اسلام نے بھی ان کے متعلق بہت زیادہ تاکید کی ہے۔ ان دو عیدوں میں روزہ رکھنا حرام ہے اور ائمہ معصومین علیہم السلام سے منقول دعاؤں میں اس امر کی طرف اشارہ ہوا ہے کہ عید فطر اور قربان کے دن عبادت اور خدا سے رازونیاز کرنا گناہوں کے جھڑ جانے کا باعث ہے۔
آیت اللہ موسوی اصفہانی نے کہا: عید فطر کے دن مومن اور باتقوا افراد کو ان کی ایک ماہ کی روزہ داری کا انعام دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا:نماز عید پڑھنے کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے اور الحمدللہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں نماز عید بڑے اہتمام کے ساتھ پڑھی جاتی ہے ۔
مجلس خبرگان کے رکن نے کہا: ہمیں ان اسلامی اعیاد سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے اور ان دنوں میں ہمیں فقیر اور حاجتمندوں کی فکر میں بھی رہنا چاہیے۔
آیت اللہ موسوی نے کہا: مومنین کو ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی پیروی میں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنی چاہیے اور انہیں اپنے لئے آئیڈیل اور نمونہ قرار دینا چاہیے۔